سیالکوٹ: دریائے چناب 95 فیصد خشک، پانی کی آمد 8651 کیوسک رہ گئی
سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارت کی جانب سے بگلیہار ڈیم میں دریائے چناب کا پانی روکنے کی وجہ سے ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 8651 کیوسک رہ گئی جس کی وجہ سے دریائے چناب کا 95 فیصد سے زائد حصہ خشک ہو گیا۔ پانی کی کمی کی وجہ سے نہر مرالہ راوی لنک بھی مکمل بند کر دی گئی جس سے سیالکوٹ اور نارووال سمیت مختلف اضلاع کی لاکھوں ایکڑ اراضی پر کاشت شدہ فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے آکر دریائے چناب میں شامل ہونے والے دو دیگر دریائوں دریائے مناور توی میں پانی کی آمد 503 کیوسک اور دریائے جموں توی کے پانی کی آمد 1353 کیوسک ہے اور ایک نہر ہے جبکہ دوسری نہر اپرچناب میں 6507 کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے۔