یونین کیساتھ مل کر ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے تیار ہیں : منصور علی خان

24 نومبر 2017

اسلام آباد( سپورٹس رپورٹر) آل پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین (سی بی اے)کے زیر اہتمام میڈیا سنٹر، جناح سٹیڈیم، سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میںپی ایس بی کے سو سے زائد ملازمین کی ترقیاں ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کے قائمقام ڈائریکٹر جنرل منصور علی خان تھے۔ جنہوں نے اپنے خطاب کے دوران یونین کے ساتھ مل کر ملازمین کی مزید فلاح و بہبود کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ ملازمین کی توقع سے زیادہ اُن کی بہتری کے خواہش مند ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ملازمین کو اپنے ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سر انجام دینے کی بھی تاکید کی ۔ تقریب میں پاکستان سپورٹس بورڈ ایمپلائز یونین(سی بی اے )کی جنرل باڈی کے ممبران نے شرکت کی ۔محمد اکرم بھٹی، سیکرٹری جنرل(سی بی اے) نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ترقی پانے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور انہیںان کے حقوق کی حفاظت کی ضمانت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کے حقوق کیلئے ہر ممکن کوشاں رہیں گے اور ان کے حقوق پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس موقع پر یونین کے دیگر عہدیداران جن میںغلام رسول چیئرمین، محمد اعجاز صدر، انجم گجر، فنانس سیکرٹری، غلام دستگیر، جوائنٹ سیکرٹری اور جمروز خان جدون نائب صدر نے خطاب کرتے ہوئے DPCکے دوران پیش آنے والے مسائل اور مخالفین کی سازشوں کے بارے میںملازمین کو آگاہ کیا جس پر ملازمین نے عہدیداران کو حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔