پاکستان انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ کیلئے محفوظ ملک ہے، مہدی ہنر دوست

24 نومبر 2017

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان میں متعین ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان فٹسال کی سیریز کرانے کے ساتھ ساتھ ایران، پاکستان کو فٹسال کے کوچز فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار معزز سفیر نے پاکستان سوکر فٹسال فیڈریشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ جس نے ان کی دعوت پر ایرانی سفارتخانہ کا دورہ کیا۔ وفد پاکستان سوکر فٹسال فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری عدنان احمد، قومی جونیئر فٹسال کوچ عدنان سمیع اور اسلام آباد فٹسال ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ عبدالوحید شامل تھے۔ فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری نے ایرانی سفیر کو بتایا کہ پاکستان کی فٹسال ٹیم نے نیپال میں 2015ء میں منعقدہ پہلی ساؤتھ ایشیئن فٹسال چیمپئن شپ میں گولڈ اور 2017ء میں سری لنکا میں منعقدہ تیسری ساؤتھ ایشیئن فٹسال چیمپئن شپ میں برونز میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم جلد ہی پاکستان میں انٹرنیشنل فٹسال کپ کرائیں گے۔ پاکستان اور ایران کی ٹیموں کے مابین فٹسال سیریز سے یہ کھیل دونوں ممالک میں مزید مقبول ہوگا۔ اسلام آباد فٹسال ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ عبدالوحید نے ایرانی سفیر کا اسلام آباد فٹسال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔ ایرانی سفیر نے وفد کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان اور بالخصوص اسلام آباد انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ کیلئے مکمل طور پر محفوظ ملک ہے۔ فٹسال ایران کا مقبول کھیل ہے اور دنیا میں اس کی رینکنگ چوتھی جبکہ ایشیا میں پہلی رینکنگ ہے۔