کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے

24 نومبر 2017

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزیرمملکت برائے انرجی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن ہے، کیونکہ غیر نصابی سرگرمیاں انسانی زندگی میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئیسکو انجینئرز ایسویسی ایشن (آئی ای اے ) زیر اہتمام دوسرے سالانہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ آئیسکو انجینئرز ایسویسی ایشن کی جانب سے اسلام آباد کے شالیمار کرکٹ گراونڈ میں دوسرے ایک روزہ ٹینس بال کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کروایا گیا جس میں آئیسکو ریجن کے پانچوں سرکلز کی کرکٹ ٹیموں کے علاوہ آئیسکو ہیڈ آفس ، کمپیوٹر سینٹر، فنانس ڈاریکٹوریٹ ، انٹرنل آڈٹس اور جی ایس او سرکل کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ آئیسکو انجینئرز ایسویسی ایشن کے صدر کامران آفتاب، جنرل سیکریٹری راجہ مظہر جتوئی اور آئیسکو کے اسپورٹس آفیسر مشرف حسین نے ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوبط طے کئے ،جس کے تحت ٹورنامنٹ ناک آوٹ کی بنیاد پہ کھیلا گیا ۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح آئیسکو چیف باسط زمان نے کیا ۔ ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی اور آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو باسط زمان احمد تھے ۔راولپنڈی سرکل کی ٹیم نے سنسی خیز مقابلے کے بعد میچ کے آخری اوور میںآئیسکو کمپیوٹر سینٹر کے دئیے گئے ہدف کو عبور کرتے ہوئے فائنل ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی چوہدری عابد شیر علی اورآئیسکو چیف باسط زمان احمد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔