زرداری نے جمہوریت مستحکم کی‘ پارلیمنٹ کو بااختیار بنایا: نیئر بخاری

24 نومبر 2017

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے جمہوریت کو مستحکم اور پارلیمنٹ کو نہ صرف بااختیار بنایا بلکہ وفاق کی اکائیوں کو مضبوط کرنے کے آئینی اقدامات بھی اٹھائے، قوم کی امنگوں کے ترجمان پارلیمنٹ کو سیاست کا محور بنایا مگر نوازشریف نے صرف اپنی ذات اور خاندان کے مفادات کی خاطر پارلیمنٹ کو کمزور بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ نواز شریف کی مسلسل حکومت بھی نواز شریف کی ذات کے لئے قانون سازی کرکے پارلیمنٹ کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہے جو جمہوریت اور اس کے تسلسل کے لئے زہر قاتل ہے۔ ایک بیان میں سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ نواز شریف اپنے غیر جمہوری رویوںپر قوم سے معافی مانگیں۔ جمہوریت کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کی امین جماعت پی پی پی کی پاکستان کے بعد ترجیح جمہوریت ہے ۔ نیر بخاری نے کہا کہ نوازشریف نے مشکل میں اے آر ڈی میں پناہ لی مگر جیسے ہی مشکل سے نکلے اے آر ڈی چھوڑ گئے۔ انہوں نے کہا صرف اپنے ذاتی مفاد کیلیئے مشرف سے سمجھوتا کرکے رات کے اندھیرے میں دولت۔خاندان اور خادمین کے ہمراہ ملک سے بھاگ گئے۔ نواز شریف تنہائی کا شکار اپنی بد عہدیوں سے ہوئے ہیں۔