بھارتی شہ پر بنگلہ دیش میں پاکستان سےمحبت کرنیوالوں کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں: عبدالرحمن مکی

24 نومبر 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی اور تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے مزید 6رہنمائوںکو پھانسی کی سزا سنائے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھانسیوں کی یہ سزائیں پاکستان سے محبت کے جرم میں سنائی جارہی ہیں۔حکومت پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر اس کیخلاف آوا ز بلند کرے‘ خاموشی اختیار کرنا کسی صورت درست نہیں ہے۔ ہمیں اپنے ان محسنوں کی قدر کرنی چاہیے۔ بھارتی شہ پر بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت اس بات سے سخت خوفزدہ ہے کہ لوگ ایک بار پھر نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر متحد و بیدار ہو رہے ہیں اور ان کے دلوں میں بھارت کے خلاف شدید نفرت پیدا ہو رہی ہے۔انڈیا بھی واضح طور پر یہ دیکھ رہا ہے کہ آخر یہ دھوکے اور ظلم و ستم کب تک چلے گا ‘ وہ وقت دور نہیں ہے کہ جب خطہ میں اس کے خلاف تحریک مزید زور پکڑے گی اور اس کے گہرے اثرات ختم ہوں گے۔ یہی وجہ ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت بھار ت سرکار کے اشاروں پر یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے۔ آج بنگلہ دیش پر اسی مجیب الرحمن کی بیٹی کی حکومت ہے جو اپنے باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کا نام لینے والوں کو جیلوں میں ڈال رہی ہے اوربھارت کی ہمنوا بن کر انہیں پھانسیاں دی جارہی ہیں۔