حضورؐ کی محبت اور اطاعت ہی اصل ایمان ہے‘پیر سرکار جی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) ہمارے ایمان کی بنیاد اس عقیدے پر استوار ہے کہ ہماری انفرادی اور اجتماعی بقاء سلامتی کا راز محبت و غلامی رسول میں مضمر ہے آپﷺ کی محبت ہی اصل ایمان ہے جس کے بغیر ہمارے ایمان کی تکمیل ممکن نہیں ایمان کے شجر کو ثمر بار کرنے کے لیے عشق رسولﷺ کی شجر کاری کی جائے جس کی آبیاری اطاعت کے سرچشمے سے ہوتی ہے تو ایمان کاشجر ثمر بار ہوگا۔ بزم ہستی میں محبت مصطفی کا چراغ فروزاں کرنے سے نخل ایمان پھلے پھولے گا ، ا ن خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ محمدیہ قادریہ قلندریہ گلشن آباد شریف پیر سرکار جی نے19ویں سالانہ 12روزہ آل پاکستان جشن عید میلادالنبیﷺ کانفرنس بسلسلہ تحفظ ناموس رسالت ؐ و تاجدارِ ختم نبوت ؐکے دوسرے پروگرام کے موضوع ًعقیدہ اہلسنت اور اہلسنت کی پہچان ًپر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر سرکار جی نے کہا کہ ہم اہلسنت و جماعت کا وہی عقیدہ ہے جو صحابہ کرامؓ کا تھا، ایک غزوہ میں ضرورت کے وقت حضرت ابوبکرصدیقؓ نے اپنے گھر کا سارا سامان حضورﷺ کی خدمت میں پیش کر دیا تو حضورﷺ نے ابوبکر صدیقؓ سے پوچھا کہ اپنے گھر والوں کے لیے کیا چھوڑا ہے تو ابوبکرصدیقؓ نے عرض کی یا رسول اللہؐ میں گھر میں اللہ اور اللہ کا رسولؐ چھوڑ کر آیا ہوں۔انہوںنے کہا حضور اکرمﷺ ہر مومن کے گھر میں موجود ہوتے ہیں۔ کانفرنس سے قبلہ صاحبزادہ پیر شمس العارفین ،علامہ مولانابشیر احمد سیالوی نے اپنے موضوع ًعقیدہ اہلسنت اور اہلسنت کی پہچان ً پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلسنت وہی لوگ ہیں جو خلوت و جلوت میں حضورﷺ کو یاد کرتے ہیں اور اُن پر کثرت سے درود پاک پڑھتے ہیں۔کانفرنس سے صاحبزادہ حافظ مخدوم رفیق الزمان باقرانی، حضرت علامہ مولانا محمد عرفان قادری،علامہ جاوید اختر ودیگر علماء کرام نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔