تحریک انصاف کے امیدواروں کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کریگا‘ شفقت محمود

24 نومبر 2017

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹرسے) پاکستان تحریک انصاف ایک منظم جماعت ہے جو مربوط انداز میں میں فیصلہ سازی اور پالیسی سازی کرتی ہے۔ بعض اخبارات و جرائد کی جانب سے آئندہ انتخابات کیلئے تحریک انصاف کے امیدواروں کی غیر مصدقہ فہرست کی تواتر سے اشاعت صحافت کے بنیادی اصولوں کے منافی اور متصادم ہے۔یہ بات مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود نے اپنی جماعت کی طرف سے مختلف اخبارات و جرائد میں آئندہ عام انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹوں کے اجراء سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہی شفقت محمود نے کہا کہ ایسی خبروں کی اشاعت تحریک انصاف کے انتظامی امور سے کے حوالے سے ناقص معلومات کا نتیجہ معلوم ہوتی ہے تحریک انصاف میں ہر سطح کے انتخاب کے لیئے اْمیدواروں کے انتخاب کا فریضہ چیئرمین تحریک انصاف کی سربراہی میں قائم پارلیمانی بورڈز سرانجام دیتے ہیں پاکستان تحریک انصاف آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بھرپور سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاہم انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے اعلانات کا سلسلہ تاحال شروع نہیں ہوا چنانچہ اس حوالے سے زیر گردش غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے پارلیمانی بورڈز کے اجلاس طلب کئے جانے کی اطلاع ہی باضابطہ طور پر جاری نہیں کی جائے گی بلکہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے بھی میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ پارلیمانی بورڈز کے اجلاس اور فیصلوں تک قیاس آرائیوں سے مکمل اجتناب کیا جانا چاہئیے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی خبر کی اشاعت سے پہلے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے تصدیق کی زحمت گوارا کی جائے۔