قومی اسمبلی سے بل مسترد‘ اپوزیشن کی نیندیں حرام ہوگئیں‘ شکیل اعوان

24 نومبر 2017

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے ممتاز راہنماء سابق رکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعون نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے قانون میں آمریت دوست ترمیمی بل کے قومی اسمبلی سے اکثریت سے مسترد ہونے کے بعد عمران خان ، آصف زرداری ، سراج الحق کے ساتھ ساتھ خورشید شاہ ، اعتزاز احسن اور شیخ رشید جیسے تیسرے درجہ کے سیاستدانوں کی بھی رات کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا جھوٹ کے سہارے پاکستانی قوم کو مسلم لیگ ن کے بکھر جانے اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور قائد میاں محمد نواز شریف میں اختلافات ڈل جانے کی خبریں سنانے اور مسلم لیگ ن کے ستر اراکین اسمبلی کے علٰیحد ہ ہو جانے کی باتیں کرنے والوں کے لئے قومی اسمبلی سے عبرت ناک شکست کے بعد ’’ شرم سے ڈوب مرنے ‘‘ کا مقام ہے انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ ، اعتزاز احسن اور شیخ رشید جیسے سیاستدان سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف بیان دیکر در حقیقت اپنا سیاسی بونا قد بڑھانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں اور یہ بخوبی جانتے ہیں کہ 2018؁ء کے انتخابات کے بعد آنے والی قومی اسمبلی اور سینٹ میں ان جیسے شعبدہ باز اور ابن الوقت سیاستدانوں کی کوئی جگہ باقی نہیں رہے گی ۔