ملکی معیشت اور زراعت تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ہے

24 نومبر 2017

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ بے روزگاری ،مہنگائی اور کرپشن میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جبکہ اس کے سدباب کیلئے حکومت کوئی پلاننگ یا عملدرآمد کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ،ملکی معیشت اورزراعت کے شعبے خطرناک حد تک تباہی کا شکارہیں ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے بحریہ ٹائون فیز8میں ایک کاروبار ی مرکز کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرجے آئی یوتھ کے ضلعی نائب صدر چوہدری عارف سمیت دیگرکاروباری اورسیاسی عہدیداربھی شریک تھے۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ عرصہ دراز سے ملک میں وزیرخزانہ موجودنہیں اور اب اسحاق ڈارکے مستعفی ہونے کے بعد بھی حکومت کے پاس ایسا فرددستیاب نہیں جس پراعتماد کرکے وزیرخزانہ بنایاجاسکے ،ن لیگ کے عہدیداران ملکی مفاد ات کی بجائے ذاتی مفادات کوترجیح دے رہے ہیں جس کے باعث ملکی اداروں اوربیوروکریسی میں عدم تحفظ کی فضا ہے ۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست میں معیشت اورشفافیت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستانی حکمران کی مفاد پرستی پرمبنی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت مضبوط ہونے کی بجائے کرپشن پھل پھول رہی ہے ۔انھو ں نے کہاکہ مضبوط معیشت کے باعث ہی عوام کوخوشحالی اورروزگارمل سکتا ہے اس کیلئے فیصلہ سازی کے اداروں میں ایسے شفاف اوربے داغ لوگوں کو منتخب کرکے بھیجنا چاہیے جو ذاتی مفادات پر ملکی مفاد کو ترجیح دیں اوراپنی تجوریاںبھرنے کی بجائے عوامی مفاد کے فیصلے اورعملی اقدامات کریں ۔