مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کیپٹن(ر) صفدر کا تعزیتی دورہ چکوال

24 نومبر 2017

چکوال(نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کیپٹن(ر) صفدر نے گزشتہ روز چکوال کا تعزیتی دورہ کیا اورایم پی اے سیکرٹریٹ پہنچے جہاں پر انہوں نے سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لیاقت علی خان کی وفات پر ان کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی بیگم عفت لیاقت علی خان اور صاحبزادوں چوہدری سلطان حیدر و چوہدری شہریار سلطان اور ان کے بھائی چوہدری صبح صادق سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔کیپٹن (ر) صفدر نے چوہدری لیاقت علی خان کی پارٹی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی چوہدری لیاقت علی خان کی فاتحہ خوانی کے لیے چکوال آئے تھے مگر میاں نواز شریف کی ہدایت پر وہ دوبارہ یہاں پر آئے ہیں کیونکہ چوہدری لیاقت علی خان کی وفات پارٹی کے لیے بھی بڑا نقصان ہے اور چوہدری لیاقت علی خان کی خدمات اس حوالے سے ریکارڈ پر ہیں کہ مشکل دور میں اگر کوئی واحد شخص پارٹی اور میاں برادران کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہا تو وہ چوہدری لیاقت تھا، چوہدری لیاقت علی خان نے پارٹی کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔