نواز شریف کو زرداری کے سہارے کی ضرورت نہیں، عمران جمہوریت کا خاتمہ چاہتے ہیں: رانا ثناء

24 نومبر 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا اللہ خاں نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف یا مسلم لیگ (ن) کو آصف زرداری یا کسی اور کے سہارے کی ضرورت نہیں، عمران خان ملک و قوم و جمہوریت کے خاتمے کیلئے سرگرم ہیں، 2018ء انکے آخری انتخابات ہونگے، نواز شریف عوام دوست سیاست اور جمہوریت کے استعارہ کے طورپر سامنے آئے ہیں، عمران خان اور شیخ رشید انکا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں، دھرنے کے پیچھے کوئی قوت کارفرما نہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری پر پہلے بھی الزام ہے کہ پیپلزپارٹی کو ڈبویا ہے، زرداری کسی اور کے بجائے جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجا رہے ہیں، اگر زرداری یا پیپلزپارٹی سسٹم میں رکاوٹ بنے گی تو پیپلزپارٹی کے ماتھے پر داغ ہو گا۔ گرینڈ ڈائیلاگ پیپلزپارٹی نہیں تمام جماعتوں کیلئے ہے، سینٹ میں ترمیمی بل پر مدد کی ضرورت ہے، یہ جمہوریت اور سسٹم اور آئندہ انتخابات کیلئے ہے نواز شریف کی ذات کیلئے نہیں۔ فیض آباد دھرنا میں تمام ریاستی ادارے ایک پیج پر ہیں۔ اس معاملے کو افہام و تفہیم سے نمٹایا جائے گا ان کے آگے یا پیچھے کوئی نہیں ہے۔ عمران خان جمہوریت مخالف اور عوام دشمن کا آلہ کار سامنے آیا ہے ان کا آقا ہو سکتا ہے۔ عمران خان اور راولپنڈی کے شیطان کو نظر آگیا ہے نہ سیاست کے میدان نہ پارلیمنٹ نہ الیکشن میں نواز شریف کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ عمران خان بدکردار انسان ہے، اس کو سیریس نہیں لینا چاہیے۔