کراچی: فائرنگ سے 2جاں بحق‘ نالے میں گرنے والے 11سالہ بچے کی نعش مل گئی

24 نومبر 2017

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوںمیں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نیو کوئٹہ ہوٹل پر فائرنگ کی جس سے ہوٹل کا مالک 35 سالہ شمس اللہ کاکڑ ہلاک ہوگیا ملزمان فرار ہوگئے۔ سخی حسن چورنگی اور فائیو سٹار چورنگی کے درمیان مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص 32 سالہ ذاکر خان ولد پرویز خان ہلاک ہوگیا مقتول ذاکر خان چپل کا تاجر تھا ۔پولیس نے دونوں واقعات کو دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ دریں اثناء بفرزون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان 28 سالہ اکبر ولد وریام زخمی ہوگیا۔ بفرزون کے علاقے کے بی آر اسکیم میں نالے میں ڈوبنے ولے بچے کی نعش مل گئی۔ ریسکیو آرپریشن میں پاک بحریہ کے غوطہ غوروں نے بھی حصہ لیا تھا اور جمعرات کی دوپہر کمسن ریحان کی نعش نکال کر ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران پانچ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ کراچی کے علاقے شریف آباد سے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار افراد سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی ہیں۔ کراچی پولیس نے سکیورٹی اداروں کے نام پر بھتہ لینے والے دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتارہونے و الوں میں سے ایک سیاسی جماعت کا کارندہ خود کو سکیورٹی ادارے کا مخبر ظاہر کرتا تھا۔ لیاقت آباد میں پولیس نے بھتہ خوروں سہیل اور رفیق کوگرفتار کرلیا۔