الیکشن اصلاحات ایکٹ، تحریک انصاف نے امیدوار کے اعتراضات پر چیمبر اپیل دائر کر دی

24 نومبر 2017

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف نے الیکشن اصلاحات ایکٹ2017 کے خلاف رجسٹرارکے اعتراضات پر چیمبر اپیل دائر کر دی۔ ڈاکٹر بابر اعوان کے توسط سے اپیل دائرکی گئی۔ عدالت عظمیٰ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اپیل میں تین موقف اختیار کیے گئے ہیں۔ پہلا موقف الیکشن کمشن کو توہین عدالت کے لامحدود اختیارات دینا غلط ہے۔ دوسرا موقف 203 کی شق آئین کی بنیادی خدوخال کے خلاف ہے جبکہ تیسرا موقف ہے الیکشن کمشن کو ٹریبونل کے اختیارات دینا آئین کی شق 225 سے متصادم ہے۔ انہوں نے کہا دھرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے وہی کہا ہے جو پورا ملک کہہ رہا ہے ملک میں حکومت نام کی چیز نہیں حکومت ہوتی تو مسئلہ حل ہو چکا ہوتا۔ حکومت پانامہ کیس سے لے کر اب تک غیر آئینی ترامیم تک مجرموں کو جانتی ہے ان کا تحفظ کررہی ہے۔ فوری انتخابات نہ ہوئے تو ملک میں بحران پیدا ہو جائیگا۔