سرگودھا‘ بھلوال: گیس پریشر میںکمی‘ لوڈشیڈنگ نے عوام کو بھوکے کام پر جانے کیلئے مجبور کر دیا

24 نومبر 2017

سرگودھا/بھلوال (نامہ نگاران) سرگودھا و گردونواح میں گیس کی بندش نے عوام کو بھوکے دفتر‘ سکولز‘ کالجز جانے پر مجبور کردیا‘ شہریوں کا کہنا ہے کہ حامد حمید کی جھوٹ کی سیاست ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی حامد حمید نے پائپ گیس لائن بچھانے کا دعویٰ کیا اور بڑی بڑی تصاویر بنوا کر شہر کے مختلف چوراہوں پر لگوا دیں۔ گیس کی بندش کا سلسلہ عروج پر ہے‘ صبح‘ شام گیس کی بندش نے عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا۔ بھلوال میں محکمہ گیس کے اہلکاروں کی خود ساختہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو پریشان کردیا‘ صبح سات بجے الفضل ٹائون اور المصفے ٹائون سمیت رہائشی علاقوں میں مقامی طور پر گیس بند کردی جاتی ہے جس سے ناشتہ تیار کرنے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ الفضل ٹائون کے مکینوں رضوان ساگر، کونسلر غلام عباس شاہ ، قمرالزمان انقلابی ، ملک محمد اقبال ، امجد حسین ، عامر الیاس، فاروق احمد اور دیگر نے محکمہ سوئی گیس کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ وہ اس غیر قانونی اقدام کا نوٹس لیں اور ذمہ دار مقامی اہلکاران کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائیں جنھوں نے غیر قانونی طور پر گیس بند کرکے عوام کو پریشان کررکھا ہے۔ گیس کی مصنوعی بندش اور پریشر کم کرنے کی روش کو ترک کیا جائے اگر محکمہ سوئی گیس کے اہلکاران نے اپنی روش نہ بدلی تو پھر بھلوال کے شہری سڑکوں پر ہوں گے۔