بھتہ نہ دینے پر شاہ عالم مارکیٹ میں فائرنگ ایک دکاندار زخمی، ساتھیوں کا احتجاج

24 نومبر 2017

لاہور(نامہ نگار) شاہ عالم مارکیٹ میں بھتہ نہ دینے پرمسلح افراد کی فائرنگ سے ایک دکاندار شہباز شدید زخمی ہو گیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔ اس واقعہ پر زخمی کے ورثاء اور تاجروں نے سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا جس سے ٹریفک جام ہوگئی جبکہ فائرنگ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ہسپتال میں زخمی شہباز کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے شاہ عالم مارکیٹ کے اکثر دکانداروں کو بھتہ نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ ملزم اکثر دکانداروں سے بھتے کی رقم وصول کر چکے ہیں۔ پولیس ان کو جلد گرفتار کرے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو ملزموں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی جس پرمظاہرین منتشر ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سٹال لگانے کے تنازع پرایک گروپ کی فائرنگ کے نتیجے میں شہباز زخمی ہوا۔