.عرب دنیامیں پاکستانیوں کی کمی سے زرمبادلہ پر اثر نہیں پڑے گا: سرتاج عزیز
اسلام آباد(اے این این ) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن آف پاکستان سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ عرب دنیا میں پاکستانیوں کی کمی سے زرِ مبادلہ پر اثر نہیں پڑے گا، اس سال 9 لاکھ نئے کارکن خلیجی ملکوں میں بھیجے گئے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق خلیجی ملکوں سے پاکستانی کارکنوں کے واپس آنے اور خلیج تعاون کی کونسل جی سی سی کے تحت خلیجی ممالک بحرین، کویت، اومان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ورکرز کی تعداد کم ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے تھے کہ اس کا اثر پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑ سکتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن آف پاکستان سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ اس سال 9 لاکھ نئے کارکن خلیجی ملکوں میں بھیجے گئے ہیں اور اب کوشش کی جائے گی کہ زیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ اور پیشہ ور ماہرین ان ممالک میں بھیجے جائیں۔