لین دین تنازعہ پر مخالف کے گھر دھاوا، فائرنگ ثمینہ گھرکی کے بیٹے سفیان، ساتھیوں کیخلاف مقدمہ

24 نومبر 2017

لاہور (نامہ نگار) پولیس نے ڈیفنس میں لین دین کے تنازع پر مخالف کے گھردھاوا بولنے اور اندھادھند فائرنگ کرنے پر پیپلز پارٹی پنجاب ویمن ونگ کی صدر ثمینہ خالد گھرکی کے بیٹے سفیان گھرکی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ثمینہ گھرکی کے بیٹے سفیان گھرکی اور ڈی ایچ اے فیز فائیوکے رہائشی علی حذیفہ خان کے درمیان لین دین کا تنازع چل رہا ہے اور علی حذیفہ نے سفیان گھرکی کے خلاف تھانہ ریس کورس میں چیک ڈس آنرکا مقدمہ درج کرا رکھا ہے اور ملزم سفیان گھرکی نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ علی حذیفہ خان کے مطابق میرے مقدمہ واپس لینے سے انکار پر ملزم سفیان گھرکی نے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں ۔ گزشتہ روز مسلح افراد اس کے گھر دیوار پھلانگ کر داخل ہو ئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے بعد سفیان گھرکی نے فون کر کے کہا آج تم بچ گئے، تمھیں چھوڑوں گا نہیں۔ مدعی کا کہنا ہے ملزم بااثر ہے پولیس اسے گرفتار نہیں کر رہی۔