بجلی چوروں کیخلاف آئی جی سے مدد مانگ لی‘ اجازت ملے تو اپنے تھانے بنا لیں: لیسکو چیف

24 نومبر 2017

لاہور (نیوز رپورٹر) لیسکو چیف واجد کاظمی نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف کارروائی کیلئے آئی جی پنجاب سے مدد مانگ لی‘ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت اجازت دے تو اپنے تھانے قائم کرنے کو تیار ہیں۔ اپنے تھانے قائم کرنے کے سوا مسئلے کا کوئی حل نہیں بااثر افراد 100فیصد ریکوری میں رکاوٹ ہیں‘ دیہی اور سرحدی علاقوں میں بجلی چوری نہیں روک سکے اگلے مہینے سے اووربلنگ کا مکمل خاتمہ کر دینگے۔ علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو لیسکو نے بہتر کارکردگی نہ دکھانے والے متعدد افسروں کو او ایس ڈی بنا دیا جبکہ متعدد افسروں کے تبادلے کے احکامات بھی جاری کئے۔ سپرٹنڈنٹ انجینئرنگ سرکل مشتاق قمر‘ اوکاڑہ ایس ای منظور حسین ‘ قصور ایس ای رستم علی‘ ایس ای فرسٹ سرکل احمد فواد کو تعینات کر دیا۔ ایس ای فرنٹ سرکل طارق بٹر کو چیف انجنیئر او اینڈ ایم آفس اٹیچ کر لیا۔ شہزاد چٹھہ کو ایکسیئن کوٹ لکھپت‘ عبداللہ شیر کو ایکسیئن باغبانپورہ‘ کامران نوید کو ایکسیئن گلشن راوی تعینات کر دیا گیا۔