نوازشریف نے محاذآرائی کی سیاست نہیں کی‘ دانستہ زیادتی کی گئی: امیر مقام

24 نومبر 2017

ہنگو (صباح نیوز)مشیر وزیر اعظم انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت اور افواج پاکستان مشترکہ جدو جہد سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن و امان کا قیام ممکن ہوا۔ میاں نواز شریف کے ساتھ دانستہ زیادتی کی گئی۔ نواز شریف نے محاذآرائی کی سیاست نہیں کی۔ محاذآرائی تو تب ہوتی جب میاں نواز شریف سپریم کورٹ کے فیصلے اور احکامات کے بعد بھی وزیر اعظم رہتے۔ عمران خان نے خیبر پی کے کے عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کی توہین کی۔ صوبے کا حلیہ بگاڑنے والے ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل کے مرکزی مقام دوآبہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ نواز شریف ملک کے کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جائیداد اور اثاثے اُن کی محنت کا صلہ ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مفاہمت، صبروتحمل کی سیاست کی اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر کے اقوام عالم میں منفرد تشخص دلایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ کی طرح یوٹرن کے بھی چیمپیئن نکلے۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والوں نے پختونخواہ کے عوام کو 50 سال پیچھے دھکیل دیا۔ امیر مقام نے کہا کہ عمران خان دوغلی پالیسی لیکر ملک میں سرخی پاوڈر کا انقلاب اور تبدیلی لانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ ایک کروڑ سے زائد درخت غائب کئے گئے جبکہ اشتہارات میں بھی سوئٹزرلینڈ کی گاڑیوں کی تصاوریر چھاپی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو منصوبہ کو جنگلہ بس قرار دینے والے آج خود پشاور میںخطیر رقوم سے لگے پھولوں کو ہٹا کر بس سروس کے آغاز کا سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو جہاں بھی بلایا گیا وہ حاضر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018 میں عوامی قوت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) دوبارہ برسر اقتدار آکر ملک و قوم کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔