دھرنا ، راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شمس آباد ، گلشن دادن خان کے مکینوں کو عملا یرغمال بنا لیا

24 نومبر 2017

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے) راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فیض آباد میں دھرنے کے بعد شمس آباد اور گلشن دادن خان کے مکینوں کو عملاً یرغمال بنا لیا تعلیمی اداروں ، دفاتر اور اپنے کام کاج پر جانے والے شہریوں کو آنے جانے کے دوران مری روڈ اور سروس روڈ پر پولیس کی گاڑیاں کھڑی کرکے روک لیا جاتا ہے جس سے وہ عملاً محصور رہتے ہیں آپریشنز اور ٹریفک پولیس دونوں شہریوں کی رہنمائی کی بجائے انہیں صرف یہ کہتی ہے کہ ہمیں اوپر سے آرڈر آیا ہے کہ یہ راستہ بند کردیں شمس آباد میں کاروباری افراد کی زندگی بھی اجیرن ہوگئی ہے شہریوں کا موقف ہے کہ گلشن دادن خان اور شمس آباد سے ڈبل روڈ یا سکستھ روڈ کی جانب جانے سے فیض آباد کے دھرنے کی سیکیورٹی کا کیا تعلق ہے ان علاقوں کے مکینوں نے آر پی او راولپنڈی وصال فخر سلطان راجہ ، کمشنر راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری ، سی پی او اسرار احمد عباسی اور ڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل سے اپیل کی ہے کہ وہ خود علاقے کا دورہ کریں اور شمس آباد اور گلشن دادن خان کے مکینوں کے لئے ڈبل روڈ اور سکستھ روڈ کی سڑک اور سروس روڈ کھلی چھوڑی جائیں تاکہ ان کے معمولات زندگی متاثر نہ ہوں ۔