بے راہ روی کی اجازت نہیں دے سکتے، ہائیکورٹ، زیادتی کے 14 سالہ ملزم کی درخواست ضمانت مسترد
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے زیادتی کیس میں نامزد ملزم کی عبوری درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ رینالہ خورد کے شاہد اقبال کی درخواست پر سماعت میں درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کی عمر 14 سال ہے جس نے ناسمجھی میں غلطی کی لہٰذا عدالت ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ زیادتی کا شکار لڑکی اور اس کے خاندان کی رسوائی کا ذمہ دار کون ہے ؟عدالت معاشرے میں بے راہ روی کی اجازت نہیں دے سکتی۔ عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔