پاکستان امریکہ کا تعاون خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے: احسن اقبال

24 نومبر 2017

دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک کو افغان امن کیلئے متحد ہونا چاہئے۔ پاکستان امریکہ تعاون خطے کے امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔ غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا افغانستان میں کردار قیام امن کیلئے نہیں بھارت افغانستان کی خانہ جنگی پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے پاکستان اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتا امید ہے دیگر ممالک اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ قطر سے متعلق خلیجی بحران پر پاکستان کو شدید تشویش ہے خلیجی امن پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کیلئے اہم ہے پاکستان میں قبل از وقت الیکشن کا کوئی امکان نہیں نئی حد بندیوں سے قبل انتخابات بہت سی جماعتوں کو قبول نہیں ہونگے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہم پانامہ اور پیرا ڈائز لیکس میں شائع الزامات کی تحقیقات کے حق میں ہیں۔ وزیراعظم کے خلاف تحقیقات ہوسکتی ہے تو دوسروں کے خلاف بھی ضروری ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر آف شور کمپنی غیر قانونی ہو مالی فنڈنگ کی چھان بین ضروری ہے۔