نمائندہ نوائے وقت جوئیانوالہ پر تشدد کے الزام میں ضلعی سینئر نائب صدر پیپلزپارٹی کیخلاف مقدمہ درج

24 نومبر 2017

شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت/ نمائندہ خصوصی)تھانہ سٹی بی ڈویژن پولیس نے نامہ نگار’’نوائے وقت‘‘ جوئیانوالہ سید علی معظم رضوی پر تشدد کے الزام میں پیپلزپارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر چودھری خالق عزیز مت ورک کیخلاف مقدمہ درج کرلیا جس میں کہا گیا کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر قمر الزمان کائرہ کی شیخوپورہ آمد کے موقع پر محلہ شاہ کالونی میں ہونیوالے پارٹی ورکرز کنونشن کے باہر مذکورہ رہنما نے صحافی علی معظم رضوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ شدید نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔ ڈسٹرکٹ پریس کلب شیخوپورہ کے صدر محمد عظیم نوشاہی کے وائس چیئرمین محمد شفیق بزمی ودیگرعہدیداروں نے مقامی صحافی سید علی معظم رضوی پر ہونیوالے تشدد کے واقعہ کی مذمت کرتے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔پریس کلب شیخوپورہ کا بھی مذمتی اجلاس ہوا جس کی صدارت صدر شہباز احمد خان نے کی ۔ اجلاس میں معظم علی رضوی پر تشدد کی مذمت کی گئی اور ملزموں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی،تحریک انصاف، جماعت اسلامی، (ق) لیگ، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں نے بھی واقعہ کی مذمت کی۔