پاک چین سرحد خنجراب 30نومبر سے 31مارچ تک بند کردی جائے گی: تاجر پریشان

24 نومبر 2017

اسلام آباد(صباح نیوز)پاک چین سرحد خنجراب کو موسم سرما میں ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کیے جانے میں چند روز رہ گئے تاہم سرحد کے دونوں جانب اب بھی کروڑوں روپے کا سامان موجود ہے، تاجروں کا کہنا ہے کہ کنٹینرز کی تعداد میں کمی کے باعث سرحد کے دونوں جانب تجارتی سامان رہ جانے کا خدشہ ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت خنجراب سرحد موسم سرما میں 30 نومبر سے 31 مارچ تک شدید برفباری کے باعث 4 ماہ کے لیے بند کردی جاتی ہے۔پاکستانی تاجروں کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سامان کے لیے کارگو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث پاکستانی تاجروں کا کروڑوں روپے مالیت کے تجارتی سامان سرحد کے دونوں اطراف رہ جانے سے نقصان کا خدشہ ہے۔مقامی تاجروں کا کہنا ہیکہ رواں برس برفباری کم ہوئی ہے اگر سرحد کو مزید کچھ روز کے لیے تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھلا رکھا جائے تو انہیں نقصان سے بچایا جاسکتا ہے۔