قومی ٹی 20 کپ: لاہور بلوز کی پانچویں فتح‘ پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا

24 نومبر 2017

ملتان(سپورٹس ڈیسک) قومی ٹی20 کپ میں آغا سلمان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت لاہور بلوز نے راولپنڈی کو 7 وکٹوں سے شکست دے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ دوسرے میچ میں فیصل آباد نے پشاور کو 5وکٹوں سے قابو کر لیا۔ ان کامیابیوں کے ساتھ ہی لاہور بلوز اور فیصل آباد نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔دوسری دو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ آج ہوگا۔ ایونٹ کے 26ویں میچ میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کی۔ پشاور کی ٹیم 19.5 اووروں میں 139 رنز بنا کر پویلین چلتی بنی۔ رفعت اﷲ مہمند32 عبیداﷲ29 محمدعمران18 کاشف بھٹی14 اور سہیل خان13 سکور کر پائے۔ فیصل آباد کے تاج ولی3 عمران خالد اور سعیداجمل 2,2 فہیم اشرف اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔فیصل آباد نے ہدف آخری گیند پر 5وکٹوں کی قربانی دے کر پار کر لیا۔ صاحبزادہ فرحان47 گوہر علی 30 کامران غلام19 اور عمران خالد نے 11رنز بنائے۔ پشاور کی طرف سے سہیل خان2 کامران غلام اور کاشف بھٹی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ صاحبزادہ فرحان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔