پیرا سروے کے دوران مزید 2سو غیر رجسرڈتعلیمی اداروں کا انکشاف
اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل)پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنزریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)کی طرف سے اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں،ٹیوشن سنٹرزاور ڈے کیئر سنٹر زکا ڈیٹا جمع کرنے کے حوالے سے جاری سروے کے دوران اسلام آباد کے 15سیکٹرز اور ترنول سیکٹر میں مزید 2سو کے قریب غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداوں کا پتہ چلا لیا گیا ہے،غیر رجسٹرڈنجی تعلیمی اداروں کی میپنگ اور مکمل ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد غیر رجسٹرڈ اداروں کو رجسٹریشن کے لیے نوٹس بھیجے جائیںگے ۔ذرائع کے مطابق سروے کے دوران اب تک 50فیصد سروے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جس میں دوسو کے قریب غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کا ڈیٹا سامنے آیا ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر جی۔8میں تین ،جی نائن سیکٹر میں 14،جی ٹین سیکٹر میں 9،سیکٹرجی الیون میں 13،سیکٹر جی 12میرہ آبادی میں سات،سیکٹر جی 13میں 17،سیکٹر جی 14میں7،سیکٹر جی 15میں 19،سیکٹر جی16میںتین،سیکٹر ایف ایٹ میںچھ،سیکٹر ایف سکس میںدو،سیکٹر ایف سیون میں ایک،سیکٹر ایف10میںسات،سیکٹر ایف الیون میںپانچ ،سیکٹرایف 12میںپانچ،سیکٹر ایف تیرہ میں12،سیکٹر ای الیون میں 26،ترنول کے دیہی علاقے ،سیکٹر ڈی17اور سیکٹر ڈی 18میں 10،سیکٹر بی17سنگجانی میں12غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے قائم ہیں۔اگلے مرحلے میں اسلام آباد کے دیگر علاقے بہارہ کہو ،کھنہ اور روات میں سروے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔