سی ڈی اے نے سیکٹر بی 17میں غیر قانونی عمارات کو سر بمہر کر دیا

24 نومبر 2017

اسلام آباد(نا مہ نگار) سیکٹر بی 17میں سی ڈی اے نے آپریشن کر کے غیر قانونی عمارات کو سر بمہر کر دیا ہے۔ آپریشن میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں سی ڈی اے کے ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول II- ،انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سی ڈی اے مجسٹریٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے حصہ لیا، شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اس آپریشن سے پہلے غیر قانونی تعمیرات کرنے والوںکونہ صرف نوٹس جاری کئے گئے بلکہ بذریعہ اخبارات بھی تنبیہ کی گئی تاہم عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سی ڈی اے کے متعلقہ شعبے ایسی غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھر پور طریقے سے سرگرم عمل ہے۔ سیکٹر B-17 میں کیپٹل سکوائر پلازہ، مکہ ہائٹس، راحت مال، ذکاء مال کی غیر قانونی تعمیر کے باعث سر بمہر کر دیئے گئے ہیں اورسی ڈی اے ایسی غیر قانونی تعمیرات کو نہ صرف سر بمہر کر رہا ہے بلکہ سی ڈی اے کی اجازت کے بغیر بلڈنگ پلان کی منظوری دینے والوں کے خلاف قانونی کاروائی بھی شروع کرنے کی حکمت عملی بنا رہا ہے تاکہ جہاں ایسی غیر قانونی سر گرمیوں کو موئثر طریقے سے روکا جائے وہاں شہریوں کی سرمایہ کاری کا بھی تحفظ کیا جا سکے۔