ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے تیاریوں کو بہتر بنایا جائے،قومی ادارہ صحت

24 نومبر 2017

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)قومی ادارہ برائے صحت نے بنیادی صحت سے تعلق رکھنے والے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لئے تیاریوں کی سطح کو مستحکم اور بہتر بنایا جائے۔حکام کے مطابق ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور ماضی کے موسمی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ انتہائی ضروری ہو گیا ہے کہ صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جائے اور وائرس کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکموں کو ہدایات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔ عوام میں ڈینگی کی حساسیت کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے رپورٹ ہونے والے بخار کے کیسز کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔