سرکاری اداروں کیخلاف شکایات کا فیصلہ 60دنوں میں کیا جار ہا ہے،طاہر شہباز

24 نومبر 2017

اسلام آباد (خبر نگار)وفاقی محتسب سید طاہر شہبازنے کہا ہے کہ ہم سرکار ی اداروں کی بد انتظامی کے خلاف مفت اور فوری انصاف فراہم کررہے ہیں ۔ سرکاری اداروں کے خلاف شکایات کا فیصلہ 60دنوں میں کیا جار ہا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ سرکاری اداروں کے نظام کی درستگی کے لئے بھی اہم اقدامات اٹھا رہا ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ ریٹائر ڈہونے والے ملازمین کو ایک ماہ کے اندر پنشن مل جائے، بچے ہمارا مستقبل ہیں اور آٹھ کروڑ بچوں کے مسائل کے حل کے لئے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔وہ گزشتہ روز وفاقی محتسب کے تحت کام کرنے والے نیشنل کمشنر برائے چلڈرن کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ سیمینار سے وفاقی محتسب سید طاہر شہباز ، سابق وزیر قانون ایس ایم ظفر ، نیشنل چلڈرن کمشنر اعجاز احمد قریشی ، سینئر ایڈوائرز وفاقی محتسب ایس ایم طاہر ، سیدہ وقار النساء ہاشمی اور سماجی تنظیموں کے عہدیدران نے خطاب کیا ۔سیمینا ر میں مختلف سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے بھی اپنے خیالات کا اظہا ر کیا اور بچوں کے مسائل کے حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کی ۔