فارسی زبان ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے،بلیغ الرحمن

24 نومبر 2017

اسلام آباد (نا مہ نگار) وزیر وفاقی تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ فارسی زبان کی ترویج اور ترقی سے پاک ایران کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ، فارسی زبان علاقائی سطح پر اہمیت رکھنے کے ساتھ ساتھ مذہبی طور پر بھی بہت اہم ہے کہ اس زبان میں علم اور حکمت کا ایک خزانہ پنہاں ہے، فارسی زبان ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، مختلف زبانیں سیکھنے سے انسان کی تخلیقی اور تجزیاتی سوچ میں بہتری آتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی ہم آہنگی اور تعلق ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام فارسی زبان، مشکلات اور مستقبل کے مواقع کے حوالے سے کمیشن سیکرٹریٹ میں دو روزہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،انعقاد خانۂ فرہنگ ایران، ایران ایمبیسی، نمل، اسلامک کلچر اینڈ ریلیشنز آرگنائزیشن اور ایران ۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پرشین اسٹڈیز کے تعاون سے ہوا،اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد، ، ڈاکٹر ارشد علی، مہدی ہنر دوست، شیر علی جونونوو ، شہاب الدین درائی،، ڈاکٹر محمود الحسن بٹ اور پاکستان کی جامعات میں فارسی زبان کے اساتذہ اور طالبعلموں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔