قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، ناصر اقبال

24 نومبر 2017

اسلام آباد (نا مہ نگار) نیب راولپنڈی نے یوم انسداد بدعنوانی کے حوالہ سے اپنی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے،پاکستان سمیت دنیا بھر میں 9 دسمبر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں 21 نومبرکو انگریزی اور اردو مقابلہ مضمون نویسی کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان ’’بدعنوانی قوت بازو پر اعتماد کا قاتل اور بدعنوانی محنت کی بربادی‘‘ رکھا گیا۔ مقابلہ میں جہلم، چکوال، اٹک،راولپنڈی اور مری کے سکولوں کے طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ انگریزی اور اردو مضامین کے لیے الگ الگ ججز کا تعین کیا گیا تھا، دوسرا پروگرام گذشتہ روزمنعقد ہوا جس میں مختلف سکولوں اور کالج کے طلباء اور طالبات نے پوسٹر سازی کے مقابلہ میں حصہّ لیا۔شریک طلباء نے مختلف رنگوںکے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر اقبال نے بھی مقابلوں کا جائزہ لیا اور شریک طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر اقبال نے کہا کے کہ قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، ’’ احتساب سب کا‘‘ کے نعرے سے شروع کی جانے والی مہم رواں سال کے دوران اپنے انتہائی عروج پر پہنچ چکی ہے۔