جماعت اہلسنت پاکستان کا 26 نومبر کو میلاد مصطفی ریلی نکالنے کا فیصلہ
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اہلسنت پاکستان نے جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں ایک انٹرنیشنل میلاد مصطفیٰ ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو مورخہ 26 نومبر بروز اتوار صبح 10 بجے روات جی ٹی روڈ سے شروع ہو کر ہائی وے براستہ کاک پل کورال چوک‘ کھنہ پل‘ فیض آباد‘ زیروپوائنٹ‘ پشاور موڑ‘ کشمیر ہائی وے سے کراچی کمپنی کرکٹ گراؤنڈ ایک بجے اختتام پذیر ہو گی جس کی قیادت مفکر اسلام علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ (مرکزی ناظم اعلیٰ) جماعت اہلسنت پاکستان‘ شیخ الحدیث علامہ پیر سید حسین الدین شاہ سرپرست اعلیٰ تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان و مہتمم جامع رضویہ ضیاء العلوم راولپنڈی‘ پیر سید جابر علی شاہ ہمدانی بنگالی شریف‘ پیر محمد نقیب الرحمن عیدگاہ شریف‘ صاحبزادہ سائیں شعبان شریف کلیام شریف‘ پیر سید شبیر حسین شاہ گیلانی‘ ڈاکٹر حمزہ مصطفائی‘ پیر سید محمد علی واسطی اور پیر بدر عالم جانکریں گے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی رہنما ء صاحبزادہ پیر عبید الرحمن ستی نے جماعت اہلسنت وفاقی‘ ضلعی‘ دیہی علاقہ جات اور اسلام آباد سٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حالات حاضرہ کا تقاضا ہے کہ اللہ کے حبیب مکرمؐ کے ذکر پاک کی کثرت کی جائے اور اس مقصد کے لئے قریہ قریہ بستی بستی ولادت مصطفیٰ کی نسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔ ہمیں یقین واثق ہے کہ محبت رسولؐ کے فروغ میں یہ ریلی بے حد معاون ثابت ہو گی۔ یہ ریلی ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس ریلی میں مختلف ممالک کے علماء و مشائخ شرکت کریں گے۔