ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے ،مصطفی یانیر اوغلو

24 نومبر 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے ترکی کے پارلیمانی انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین مصطفی یانیر اوغلو سے اہم ملاقات کی اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے مصطفی یانیر اوغلو کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مشتمل رپورٹس پیش کیں ،کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا ،عبدالرشید ترابی نے اپیل کی کہ ترکی کی پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر مشتمل وفد مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر بھیجے ،ترکی عالمی سطح پر بین الاقوامی اداروں میں کشمیریوں کے ساتھ تعاون کرے، اس موقع پر مصطفی یانیر اوغلو نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں وہ ہمارے دلوں میں بستے ہیں ان کی آواز کو ہم دنیا کے ہر فورم میں اٹھائیں گے کشمیریوں کی جدوجہد مبنی بر حق ہے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق دلائے گی یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو حق دلائے ترکی ہر فورم پر کشمیریوں کی مدد اور حمایت جاری رکھے گا اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے مصطفی یانیر اوغلو کو کتب کا تحفہ بھی پیش کیا ۔