بھارتی شہ پر بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنیوالوں کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں: عبدالرحمن مکی

24 نومبر 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی اور تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینئر مولانا امیر حمزہ نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے مزید 6رہنمائوںکو پھانسی کی سزا سنائے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پھانسیوں کی یہ سزائیں پاکستان سے محبت کے جرم میں سنائی جارہی ہیں۔حکومت پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر اس کیخلاف آوا ز بلند کرے‘ خاموشی اختیار کرنا کسی صورت درست نہیں ہے۔ ہمیں اپنے ان محسنوں کی قدر کرنی چاہیے۔ بھارتی شہ پر بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیاں دی جارہی ہیں۔ بنگلہ دیشی حکومت بھار ت سرکار کے اشاروں پر یہ گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے۔ آج بنگلہ دیش پر اسی مجیب الرحمن کی بیٹی کی حکومت ہے جو اپنے باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کا نام لینے والوں کو جیلوں میں ڈال رہی ہے اوربھارت کی ہمنوا بن کر انہیں پھانسیاں دی جارہی ہیں۔