مرکزی میلاد جلوس کے افتتاح کیلئے صدر پاکستان و دیگر کو خطوط ارسال

24 نومبر 2017

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آٹھ رکنی مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد نے 12 ربیع الاول کو جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں‘ انتظامات کے سلسلہ میں رابطے شروع کر دئیے ہیں‘ اسلام آباد کا تاریخ ساز جلوس پولیس گراؤنڈ مرکزی سیون سے شروع ہو گا جس میں شرکت کے لئے آٹھ رکنی مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد کے چیئرمین سید محمد علی واسطی نے صدر پاکستان ممنون حسین‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت اراکین پارلیمنٹ کو جلوس کے افتتاح کے لئے خطوط ارسال کر دئیے ہیں۔ تاریخ ساز جلوس کے آغاز پر ایک عظیم الشان میلاد کانفرنس پولیس گراؤنڈ مرکزی سیون میں رکھی گئی ہے جس کی صدارت عالمی مبلغ اسلام خواجہ ابو الخیر‘ پیر محمد عبد اللہ جان‘ سجادہ نشین دربار عالیہ مرشد آباد شریف پشاور کریں گے۔ حضرت خواجہ پیر محمد بدر عالم جان المعروف میاں گل سمیت ملک کے نامور مذہبی سکالر اور علماء کرام‘ مشائخ عظام کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ آٹھ رکنی مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری پیر غلام ربانی اختر القادری‘ شیخ محمد انور حسین الخیری‘ پیر سید عبد القادر شاہ گیلانی‘ سردار محمد رمضان‘ نوید الحق اعوان‘ چودھری عبد الغفور‘ قاری عبید احمد ستی نے چیئرمین سی ڈی اے سے جلوس کے راستے کو خوبصورت انداز میں سجانے‘ صاف پانی کے واٹر ٹینکر اور درختوں کی کانٹ چھانٹ کے سلسلہ میں درخواستیں دے دی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو جلوس کے این او سی کے لئے درخواست دے دی گئی ہے۔ محکمہ اوقاف سے جلوس کے اختتام پر شرکاء کے کھانے کے انتظامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ آٹھ رکنی مرکزی جلوس میلاد کمیٹی اسلام آباد کے ترجمان قاری عبید احمد ستی نے تمام میلاد کمیٹیوں اور سیرت کمیٹیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ باوضو جلوس میں شرکت کریں‘ کوئی ایسا نعرہ نہ لگائیں جس سے کسی دوسرے مکتب فکر کی دل آزاری ہوتی ہو یہ ملک پاکستان ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر بنایا‘ ہم اس میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔