حکومت کی نالائقی کی وجہ سے ختم نبوت معاملہ کھڑا ہوا، علامہ عباس عابد

24 نومبر 2017

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آل پاکستان مسلم لیگ کے علماء و مشائخ ونگ کے چیف آرگنائزر علامہ محمد عباس عابد نے کہا ہے کہ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے ختم نبوت معاملہ کھڑا ہوا،سزا عوام کو دی جارہی ہے۔حکمرانوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ فہم و فراسست سے فیض آباد دھرنے کا حل نکالے۔ پارٹی کے مرکزی دفتر میں علماء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ایوانوں میں خود غرض ، مفاد پرست ،لوگ بیٹھے ہیں جوعقل و دانش اور دوراندیشی سے عاری ہیں۔ اپنے مفادات کے لئے یا پھر بے وقوفی میں انہوں نے ایسا اقدام اٹھایا جس سے ختم نبوت کا مسئلہ کھڑا ہوگیا جس کی سزا ہفتوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے بے گناہ افرادبھگت رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔اب حکمران اپنی نالائقی کی بنا پر اس معاملے کو حل نہیں کرپارہی جبکہ عوام ذلیل اور خوار ہورہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ فیض آباد دھرنے کافوری حل نکالیں تا کہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔