ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق‘ 27 زخمی

24 نومبر 2017

خان گڑھ‘ ملتان، جوآنہ بنگلہ (نمائندہ نوائے وقت‘ کرائم رپورٹر) ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق 27 زخمی ہو گئے ۔ خان گڑھ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق خانگڑھ کے نواحی علاقہ قومی شاہراہ پر واقع چمن بائی پاس پر جمعرات کے روز علی الصبح موضع محال کھاکھی کے رہائشی محمد ارشد اپنے دوست کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا اور ٹریکٹر ٹرالی اس پر چڑھ گئی جسکے نتیجہ میں محمدارشد موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ اسکے دوست کو شدید زخمی حالت میں ریسکو 1122نے ڈسڑکٹ ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کیا خانگڑھ پولیس نے متوفی کے ماموں عبدالکریم کی مدعیت میں غفلت و لاپرواہی کے مرتکب نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی سمیت موقع سے فرار ہو گیا ہے۔ ملتان سے کرائم رپورٹر کے مطابق شجاع آباد روڈ پر ہائی ایس الٹ جانے کے باعث 4 افراد زخمی ہو گئے جبکہ دیگر حادثات میں رمضان عدنان اور حق نواز وغیرہ 22 افراد زخمی ہو گئے تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ جوآنہ بنگلہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ہیڈ محمد والا ٹول پلازہ کے قریب ٹائر پھٹنے سے مزدا آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں مزدا ڈرائیورمحمد بخش سکنہ مظفر گڑھ موقع پر جاں بحق ہو گیا اور ایک شخص محمد ناصر شدید زخمی ہو گیا۔