فیروزوالہ: خاتون سے نازیبا حرکات پر عورتوں نے جعلی پیپر کی درگت بنادی‘ پولیس کے حوالے کردیا
فیروزوالہ (نوائے وقت نیوز) فیروزوالہ کوٹ عبدالمالک میں جعلی پیر نے بے اولاد خاتون سے 2 لاکھ روپے بٹور لیے۔ نازیبا حرکت پر خاتون کے شور مچانے پر اہل علاقہ خواتین نے جعلی پیر کی جوتوں اور تھپڑوں سے درگت بنا کر پولیس کے حوالے کر دیا۔فیروزوالہ کوٹ عبدالمالک کے علاقہ شریف پارک میں جعلی پیر ایک عرصہ سے پیر کا ڈھونگ رچائے ہوئے تھا اور سادہ لوح خواتین کو اپنے جال میں پھنسا کر رقم ہتھیا لیتا لیکن جب(ن) نامی خاتون کسی کے کہنے پر اس جعلی عامل کے پاس پہنچی تو اس نے اولاد دینے کا دعوی کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کا مطالبہ کر دیا۔خاتون نے اپنے زیورات بیچ کر اور قرض اٹھا کر نیاز محمد نامی جعلی پیر کو دے دئیے اور جعلی پیر کے بلوانے پر خاتون جب اس کے آستانہ پر اپنی ساس کے ساتھ پہنچی تو جعلی عامل نے اس کی ساس کو گوشت لینے کے لیے بھیج دیا اور دروازہ بند کر کے خاتون سے نازیبا حرکات کرنے کی کوشش کرنے لگا کہ تمہارے جسم پر تعویز لکھے جائیں گے جس پر خاتون نے شور مچانا شروع کر دیا۔شور سن کر اہل علاقہ جمع ہو گئے جس پر جعلی عامل نے دروازہ کھولا تو خواتین نے جعلی پیر کو پکڑ لیا اور جوتوں، تھپڑوں سے خوب درگت بنا ڈالی۔ خواتین نے جعلی پیر کے کپڑے پھاڑ دئیے اور تلاشی لینے پر متعدد خواتین کے شناختی کارڈ اور تعویز برآمد ہوئے جس پر اہل علاقہ نے جعلی پیر کو پولیس کے حوالے کر دیا۔