ایم ڈی پی آ ئی اے کی تعیناتی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایم ڈی پی آئی اے مشرف رسول کی تعیناتی کو چیلنج کردیا گیا، عدالت نے سیکرٹری سول ایوی ایشن ڈویژن اور ایم ڈی پی آئی اے مشرف رسول کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ کیس کی مزید سماعت 20دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ بروز جمعرات جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار سینیٹر اعظم سواتی اپنے وکیل محسن کمال کے ساتھ پیش ہوئے،وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایم ڈی پی آئی اے نے پی آئی اے کو بہت نقصان پہنچایا ہے، میرا ایم ڈی پی آئی اے کے ساتھ کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے ادارے کو تباہی سے بچانا میرا فرض ہے، ایم ڈی پی آئی اے مشرف رسول کی تعیناتی غیر قانونی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ ایم ڈی پی آئی اے کی تعیناتی کو کالعدم قرار دے، عدالت نے قرار دیا کہ دوسرے فریق کا موقف سننا بھی ضروری ہے بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 20دسمبر تک ملتوی کردی ۔