کم عمر ڈرائیورز کے چالان کئے جا رہے ہیں: تیمور خان

24 نومبر 2017

لودھراں( نامہ نگار ) 18 سال سے کم عمر ڈرائیوروں کے کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اور جو کم عمر ڈرائیور پکڑا گیا اس کے خلاف قانونی کاروائی کے ساتھ ساتھ بچے کے والد کو بلوا کر گارنٹی بھی لی جائے گی کہ وہ آئندہ گاڑیاں ، موٹرسائیکل چلانے کے لئے نہ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار ڈی پی او امیر تیمورخاں نے اپنے دفتر سے جاری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ اٹھارہ سال سے کم ڈرائیوران کے خلاف چالان کئے جا رہے ہیں۔کالے شیشے لگانے والے گاڑی مالکان کے خلاف بھی کاروائی جاری ہے۔ڈی پی او لودہراں نے مزید کہا کہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لئے ٹریفک قوانین سے آگاہی نا گزیر ہے۔ ٹریفک پولیس اور تمام تھانے روزانہ کارروائی کر کے انہیں رپورٹ بھیجوا رہے ہیں۔ آخر میں ڈی پی او امیر تیمور خاں نے بتایا کہ لودہراں میں ٹریفک سکول بھی قائم کیا گیا ہے ۔ جہاں شہری ڈرائیونگ سیکھنے کے علاوہ ٹریفک قوانین کے متعلق آگاہی حاصل کرسکتے ہیں۔