بھارت نے سری لنکن ٹیم کو پاکستان آنے سے روکنے کیلئے تمام حربے استعمال کئے :نعمان بٹ
لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ نے دعوی کیا ہے کہ بھارت نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے دورے سے روکنے کے لیے تمام حربے استعمال کیے لیکن یہ پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی کی قائدانہ صلاحیتوں کا کمال ہے کہ انہوں نے بھارت کے منفی ہتھکنڈوں کا توڑ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے قائل کیا۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا سری لنکا اور بنگہ دیش میں بڑا اثر رسوخ ہے اور ہمارا ہمسایہ ملک آج بھی پاکستان کرکٹ کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان میں کھیل کے میدان آباد ہوں وہ آج بھی ہمیں بین الاقوامی کرکٹ سے محروم اور پاکستان کو تنہا کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ سری لنکا ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے لیے لاہور آنا پاکستان دشمنوں کو ایک آنکھ نہیں بھایا۔ عالمی الیون اور سری لنکا کے دورہ پاکستان کا کریڈٹ پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی کو جاتا ہے وہ حقیقی معنوں میں ایک مرد بحران کے طور پر سامنے آئے اور دو بڑے ایونٹس کا انعقاد یقینی بنایا۔ وہ ہر محاذ پر بھارت کو شکست دیں گے۔ حکومت پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات بھی پوشیدہ نہیں ہیں لیکن کرکٹ بورڈز اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو قائل کرنے کا سب سے اہم اور بنیادی کام نجم سیٹھی نے کیا ہے۔ بہت جلد بنگلہ دیش کی ٹیم بھی پاکستان کے دورے پر آئے گی۔ یہ تاثر غلط ہے کہ بورڈ آف گورنرز "ون مین شو" ہے۔