نواز شریف کو آصف زرداری کے سہارے کے ضرورت نہیں

24 نومبر 2017

لاہور(صباح نیوز) وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے کسی ملاقات کی بات نہیں کی اور نا ہی انہیں آصف زرداری کے سہارے کی ضرورت ہے آصف زرداری کا رویہ ذاتی ناراضی یا کسی کو خوش کرنے کے لیے ہے، وہ جمہوریت کی اینٹ سے اینٹ بجا رہے ہیں جمعرات کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کا بروقت انعقاد جمہوریت کی جب کہ جمہوریت بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر آصف زرداری اس راستے میں رکاوٹ بنے تو یہ داغ پیپلزپارٹی کبھی دھو نہیں سکے گی۔ وزیرقانون کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے والوں کا کوئی سیاسی مطالبہ نہیں ہے، ہم دھرنے کا پر امن حل اور اسے طاقت استعمال کئے بغیر ختم کرنے کے خواہشمند ہیں، اسی لئے ہمارے کئی بار مذاکرات ہوئے، راجا ظفر الحق کی کمیٹی پر سب کو اعتماد ہے، امید ہے کہ ایک ہفتے میں مثبت پیش رفت ہوگی۔چئیرمین تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری قوتیں عمران خان کے آقا اور عمران خان غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار ہیں۔