حیدرآباد : نیشنل ہائی وے پر حادثہ، 2 بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق
حیدر آباد(صباح نیوز)ہالہ کے قریب نیشنل ہائی وے پر ٹریفک حادثہ میں دو بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس اور شاہدین کے مطابق گزشتہ روز ہالہ کے قریب کھنڈو کے مقام پر نیشنل ہائی وے پر تیز رفتار کار نے دو بھائیوں 25سالہ صادق بروہی اور 11سالہ اصغر بروہی کو کچل کر ہلاک کردیا ۔ حادثے کے بعد تیز رفتار کار ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں کار ڈرائیور سمیت کار میں سوار چار افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو مٹیاری اور حیدرآباد کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا تھا کہ زخمی غلام محمد اور شریف راستے میں ہی دم توڑ گئے اور ہلاکتوں کی تعداد چار ہوگئی ۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کار کو قبضے میں لے لیا ہے۔
حیدرآباد/حادثہ