میجر اسحٰق لاہور میں مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک

24 نومبر 2017

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے میجر اسحاق کی نماز جنازہ لاہور کے ایوب سٹیڈیم میں ادا کر کے مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کیولری گرائونڈ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، کور کمانڈر لاہور عامر ریاض سمیت شہید کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید میجر اسحاق کا تعلق خوشاب سے تھا اور وہ 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے، شہید کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔ واضح رہے شہید میجر اسحاق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اورانہیں گلے لگاکر دلاسہ دیا۔ وزیراعلیٰ نے شہید میجر اسحاق کے جسد خاکی کو کندھا دیا۔وزیراعلیٰ نے شہید میجر اسحاق کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی قیمتی جانیں دینے والے قوم کے ہیرو ہیں اورقوم کو بہادرسپوتوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوںنے کہاکہ میجر اسحاق شہید نے مادر وطن کیلئے اپنے خو ن کا نذرانہ دیا ہے اورمیجر اسحاق جیسے وطن کے بہادر بیٹوںکی عظیم قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فرض کی ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔قوم میجر اسحاق کی عظیم اور لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرپائے گی۔