یمن: حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بم باری‘ کمانڈر سمیت 40 جنگجو ہلاک

24 نومبر 2017

صنعائ(این این آئی)یمن کی سرکاری فوج نے کہاہے کہ صنعا کے شمال مشرقی علاقے نہم اور تعز گورنری میں جاری لڑائی کے دوران حوثی باغیوں کو بے پناہ جانی نقصان اٹھانا پڑا ۔نھم کے محاذ پر فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں سرکردہ حوثی لیڈر محمد الشریف الجبانی سمیت 20 جنگجو ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوگئے۔عر ب ٹی وی کے مطابق تعز شہر میں یمنی فوج نے باغیوں کا حملہ پسپا کرتے ہوئے باغی ملیشیا کے ایک سرغنہ علی الشامی ابو العز سمیت 19جنگجوں کو ہلاک کردیا۔ حوثیوں نے البیضا گورنری کے الزاھر ڈاریکٹوریٹ سے محفوظ انخلا کے لیے آل حمیقان مزاحمتی قیادت کے پاس اپنا ایک سفارتی وفد بھیجا ہے۔ اس وفد نے الزاھر کے مقام سے باغیوں کے پرامن انخلا کے لیے راستہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔تاہم دوسری جانب الشیخ عبدالقوی الحمیقانی نے باغیوں کو غیر مشروط طور پر انخلا کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق الزاھر کے مقام پر باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں کے دوران حوثی باغیوں کو غیرمعمولی جانی اور مالی نقصان پہنچا ہے۔