صارفین کو اضافی یونٹس ڈالنے والے افسران اہلکاروں کیخلاف کارروائی کریں گے: میپکو چیف
ملتان (سماجی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ کسی بھی صارف کو ایک یونٹ بھی اضافی نہ ڈالاجائے ۔اضافی یونٹس ڈالنے والے متعلقہ افسران اور سٹاف کے خلاف کاروائی کریں گے ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ویڈیوکانفرنس کے ذریعے ریجن کے زیر انتظام 9آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران غلط طریقوں سے لائن لاسز کم نہ کریں ۔ بجلی چوروں کے خلاف منظم کاروائی کریں اور ان سے نقصان وصول کریں ۔ سپریٹنڈنگ انجینئرز میپکو ریجن میں جہاں اے ایم آر میٹرز نصب ہیں وہاں اے ایم آر پر ہی بلنگ کروائیں اور تمام صارفین کو ان کے استعمال شدہ یونٹس کے مطابق درست بلنگ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے ۔صارفین سے موبائل نمبرز جلد از جلد حاصل کئے جائیں تاکہ انہیں ماہانہ بنیادوں پر میٹرریڈنگ ، بلنگ اور دیگر تفصیلات بھیجی جاسکیں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ بلوں کی درستگی کے معاملات زیر التواء نہ رکھے جائیں۔