غیررسمی ہنر سیکھنے والوں کو ٹیسٹ کے بعد اسنا دینے کا منصوبہ شروع کردیا: ذوالفقار چیمہ
لاہور (کامرس رپورٹر) نیو ٹیک نے غیررسمی طریقوں یا استادوں کے ذریعے ہنر سیکھنے والے کاریگروں کی مہارت کی جانچ اور تصدیق کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں نیو ٹیک نے سینکڑوں کاریگروںکا امتحان لیا اور کامیابی سے ٹیسٹ پاس کرنے والوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ نیو ٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیھہ اور معروف صحافی مجیب الرحمن شامی نے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ اس نئے منصوبے کے تحت پاکستان بھر میں وہ ہنرمند افراد جنہوں نے غیررسمی طریقوں خصوصاً استاد شاگرد نظام کے ذریعے مختلف مہارتیں سیکھی ہیں انہیں مہارت کی بنیاد پر جانچ اور تصدیق کے عمل سے گزرنے کے بعد نیو ٹیک کی طرف سے قومی سرٹیفکیٹس جاری کئے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے میں پچھلے دنوں لاہور میں سینکڑوں کاریگروں کا ٹیسٹ لیا گیا اور انہیں سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔ یہ بات نیو ٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے ہنرمند نوجوانوں کی مہارت کو تسلیم کیا جائے گا جس سے انہیں نہ صرف بہتر روزگار کے مواقع بلکہ اعلیٰ درجے کی تعلیم تک رسائی بھی ممکن بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر پی ایل سے گزشتہ سیکھی ہوئی مہارتوں کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔