میلاد جلوسوں کے راستوں کی صفائی اور مرمت کی جائے: قاری احمد میاں

24 نومبر 2017
میلاد جلوسوں کے راستوں کی صفائی اور مرمت کی جائے: قاری احمد میاں

ملتان (سماجی رپورٹر) مرکزی جماعت اہل سنت ملتان 12 ربیع الاول کو صبح 8 بجے خانقاہ حامدیہ قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان سے اپنا 46 واں سالانہ جلوس نکالے گی جس کی قیادت قاری ناصر میاں خان نقشبندی‘ قاری احمد میاں خان نقشبندی اور علماء و مشائخ اہل سنت کریں گے۔ جلوس میں شہر بھر سے نکالے جانے والے سینکڑوں جلوس شامل ہوں گے۔ 13 ربیع الاول کو بعد نماز عشاء جامع مسجد پھول ہٹ چوک بازار جلسہ عید میلادالنبیؐ کا اہتمام کیا جائے گا جس کی صدات قاری ناصر میاں نقشبندی اور قاری احمد میاں خان نقشبندی کریں گے اور علماء اہل سنت خطاب کریں گے۔ جلوس و جلسہ عید میلادالنبیؐ کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لئے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاری احمد میاں خان نقشبندی نے ملتان انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ میلاد کے جلوسوں کے راستوں کی فوری طور پر مرمت کریں۔ جلوس اور میلاد کے راستوں کی صفائی‘ سکیورٹی اور ٹریفک کے مسائل حل کئے جائیں۔ حاجی محمد سلیم حامدی‘ زاہد بلال قریشی‘ حافظ غلام دستگیر نورانی‘ حاجی فدا محمد حامدی‘ شبیر احمد نورانی‘ میاں محمد احمد قریشی‘ محمد ایوب قریشی حامدی‘ محمد شکیل حامدی نے بھی خطاب کیا۔