کامیاب ایجوکیٹرز کو بھرتی کیا جائے عملدر آمدنہ ہواتو معاملہ نیب کو بھجوادینگے :ہائیکورٹ

24 نومبر 2017

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے محکمہ تعلیم پنجاب میں 34 کامیاب ایجوکیٹرز کو میرٹ کے مطابق بھرتی کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا احکامات پر عملدرآمد نہ ہوا تو معاملہ نیب کو بھجوا دیا جائے گا۔فاضل عدالت نے صائمہ نورین اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی درخواست گزار وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا سکیل 19 میں ایجوکیٹرز بھرتی کیلئے امتحان پاس کیا تاہم کامیاب امیدواروں کی فہرست میں نام آنے کے باوجود بطور ایجوکیٹرز بھرتی نہیں کیا جارہا انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے کامیاب امیدواروں کو نظر انداز کر کے میرٹ سے ہٹ کر بھرتیاں کر لی ۔عدالتی حکم پر ڈی سی گوجرانوالہ طارق قریشی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا جن خواتین ایجوکیٹرز کو بھرتی کیا گیا انکا میرٹ زیادہ تھا اب انکو بھرتی کرنیکا مطلب ہے کہ بھرتی ایجوکیٹرز کو نوکری سے نکال دیں جس پر عدالت نے استفسار کیا کیا ان ایجوکیٹرز کا نام کامیاب امیدواروں کی فہرست میں شامل تھا جس پر ڈی سی نے جواب دیا ان خواتین کا نام بھی ایجوکیٹرز میں شامل تھا مگر وہ سافٹ وئیر کی غلطی تھی جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی کو تمام کامیاب امیدواروں کو بھرتی کرنے کا حکم دے دیا۔